ڈیل اسٹین کے مداحوں کیلئے بُری خبر

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر ڈیل اسٹین نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ آج اپنے پسندیدہ ترین کھیل سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔

 یہ ٹریننگ، میچوں، سفر، کامیابیوں، ناکامیوں اور برادرانہ تعلقات وغیرہ کے 20 برس ہیں، جس کے بارے میں بتانے کو بہت سی یادیں اور شکریہ ادا کرنے کو بہت سے چہرے ہیں۔

 کھیل کے دوران خوشی کے بہت لمحات آئے اور 20 سال تک کرکٹ کو بہت انجوائے کیا، اس شاندار سفر میں ساتھ دینے والے تمام شائقین، صحافیوں، ٹیم میٹس اور فیملی ممبرز کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جنوبی افریقہ کے 38 سالہ فاسٹ بالر ڈیل اسٹین نے اپنے 18 سالہ کریئر کے دوران 93 ٹیسٹ، 125 ون ڈے اور 47 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

انہوں نے ٹیسٹ میں 439، ون ڈے کرکٹ میں 196 اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں 64 وکٹیں حاصل کیں، ڈیل اسٹین نے اپنے کریئر کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ فروری 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔