محمد یوسف کا 15سالہ پُرانا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا 

لندن:پاکستان کے سابق کپتان اور سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف کا کلینڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا ہے۔

 انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ گزشتہ ایک سال سے شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران 1300 سے زائد رنز بنائے ہیں اور ان کی نظریں ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑنے پر ہیں۔

 اس وقت یہ ریکارڈ سابق پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز محمد یوسف کے پاس ہے جنہوں نے 2006ء میں 1788 رنز بنائے تھے۔

2006ء  میں محمد یوسف نے 99.33 کی غیر معمولی اوسط سے 1788 رنز بنائے تھے جس میں 9 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں، انہوں نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف شاندار ڈبل سنچری بھی سکور کی تھی۔ 

محمد یوسف نے یہ سنگ میل صرف 11 ٹیسٹ میچوں میں حاصل کیا تھا۔ جو روٹ پہلے ہی اس کیلنڈر سال میں 12 میچ کھیل چکے ہیں اور سال کے اختتام تک مزید 4 میچز کھیلیں گے۔

انہوں نے اب تک 66.13 کی اوسط سے 1455 رنز بنائے ہیں جن میں 6 سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہیں۔

 انہوں نے سال میں دو ڈبل سنچریاں بھی بنائی ہیں جن میں سے ایک سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ اور دوسری بھارت کیخلاف چنئی میں سکور کی گئی تھی۔

 ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی آخری 7 اننگز میں جو روٹ نے 3 سنچریاں اور ایک نصف سنچری سکور کی ہے، یہ سب بھارت کیخلاف جاری 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بنائی گئی ہیں۔

جو روٹ کی غیر معمولی فارم نے انہیں آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں بھی ترقی دی ہے اور وہ اب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بیٹسمین بن گئے ہیں۔