اپوزیشن پی ٹی آئی کرکٹ ٹیم کو آسان نہ لے،فیاض چوہان /حکومت کو اس کی ہوم پچ پر ہرائیں گے،علی گیلانی

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں حکومت اور اپوزیشن کرکٹ میچ کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض چوہان اور پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نےمیچ کے حوالے دلچسپ گفتگو کی۔

فیاض چوہان نے میچ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے جبکہ فائنل میچ میں پنجاب اسمبلی کے چیف پیٹرن پرویز الہٰی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کے حوالے سے رانا مشہود سے بھی رابطہ کیا ہے، نون لیگ کے اراکینِ اسمبلی بھی چاہتے ہیں کہ وہ بھی کرکٹ کھیلیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ اپوزیشن پی ٹی آئی کرکٹ ٹیم کو آسان نہ لے، ٹیم کی سلیکشن 100 فیصد میرٹ پر ہو گی، میچ میں نیوٹرل امپائر بھی ہوں گے۔

فیاض چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیمیں میرٹ پر آئیں گی، کوئی سفارش نہیں ہو گی، سیاسی گولہ باری اپنی جگہ لیکن کرکٹ ٹاکرہ ایک اچھی سرگرمی ہو گی۔

اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کرکٹ ایسی چیز ہے جو متحد کرتی ہے، 9 اکتوبر کو حکومت اور اپوزیشن کے ارکان فرینڈلی ماحول میں کرکٹ کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو اس کی ہوم پچ پر ہرائیں گے، کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں بحال ہونی چاہئیں، ہم میڈیا کے دوستوں کے ساتھ بھی کرکٹ کھیل چکے ہیں، آئندہ بھی کھیلیں گے۔

علی حیدر گیلانی نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو پیغام جانا چاہیئے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، اپوزیشن الیون کو درخواست کروں گا کہ آج سے بادام کھائیں۔