دوسرا ٹی ٹوئنٹی؛بنگلادیش کا پاکستان کو 108 رنز کا ٹارگٹ

ڈھاکا:دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 108 رنز ہی بناسکی جبکہ  ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ جاری ہے۔

ڈھاکا میں کھیلے جارہے دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کچھ خاص نہ ہوسکا، صرف 5 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے نجم الحسین نے مزاحمت کی اور 40 رنز بنائے تاہم قومی ٹیم کی جارحانہ بولنگ کے باعث بنگلادیش کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور مقررہ 20 اوورز میں بنگلادیش کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 108 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2 جب کہ محمد وسیم، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ بنگلا دیش کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ قومی ٹیم میں بابراعظم، محمد رضوان، فخر زماں، حیدر علی، شعیب ملک، خوشدل شاہ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حارث روف اور محمد وسیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم نے بنگلا دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔