کھیلوں کی پالیسی تبدیل، مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا،عمران خان 

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا، ملک بھر میں گراؤنڈز کا جال بچھائیں گے، خیبرپختونخوا میں 300 اور پنجاب میں 260 گراؤنڈز بناچکے ہیں۔

کوشش ہے پاکستان عالمی مقابلوں میں بھرپور حصہ لے،نوجوانوں کو پیغام ہے آپ ہارتے تب ہیں جب ہار کردل برداشتہ ہوکر ہاتھ کھڑے کردیتے ہیں، میری حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ہم آپ کو بہتر تعلیم کا موقع دیں، ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔

وزیر اعظم نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کامیاب نوجوان پروگرام پر انہیں سراہا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کے لیے اس لیے ضروری ہے کہ جب آپ کھیلوں کے میدانوں میں مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں تو آپ کو جیتنا بھی آتا ہے اور ہار کی وجوہات بھی سمجھ آتی ہیں، آپ ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہوتے بلکہ اس سے سیکھتے ہیں اور پھر نوجوان مشکل وقت سے گھبراتا نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آپ ہارتے تب ہیں جب آپ دلبرداشتہ ہوتے ہیں، یہ سب سے بڑا سبق ہے کہ کھیل آپ کو برے وقت کا مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں، یہ زندگی کا وہ سبق ہے جو کوئی اور شعبہ نہیں سکھاتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کھیل آپ کی صحت کے لیے ضروری ہے اور صحت اللہ کی نعمت ہے، پاکستان وہ ملک ہے جہاں 70 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے تو ہماری کوشش ہے کہ ہر محلے میں کھیلوں کے میدان ہوں، ہم خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کئی میدان تعمیر کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ ہم آپ کو بہتر تعلیم کا موقع دیں، ہماری دو صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 47 ارب روپے کی اسکولرشپس دی ہیں جس سے 63 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔

 عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان، بین الاقوامی سطح پر ہر کھیل میں شرکت کرے، اس کے لیے کھیلوں کے میدان، ایکسیلنس سینٹر بنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کھیلوں کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت مافیاز کے پرانے سسٹم کو ختم کردیا جائے گا۔  وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں گراؤنڈز کا جال بچھائیں گے، خیبرپختونخوا میں 300 اور پنجاب میں 260  گراؤنڈز بناچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کی نئی پالیسی لے کر آئے ہیں،کوشش ہے پاکستان کے نوجوان انٹرنیشنل سپورٹس میں شرکت کریں،نیوزی لینڈ کی 50 لاکھ کی آبادی ہے، وہاں پر پاکستان سیزیادہ گراؤنڈزہیں،نوجوانوں کیلئے سب سے پہلے گراؤنڈز بنائیں گے۔

سپورٹس سے انسان کومشکلات سے لڑنا آتا ہے جبکہ کھیلوں سے آپ مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں اورہارتے تب ہیں جب آپ ہارنے کے بعددل برداشتہ ہوکر ہاتھ کھڑے کردیتے ہیں،ہارنے سے دل برداشتہ نہیں ہوتے بلکہ ہار سے سیکھنا چاہیے،زندگی کے21 سال انٹرنیشنل سپورٹس کی گراؤنڈزمیں گزارے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان جناح سٹیڈیم پہنچے جہاں پر انہوں نے مشعل جلا کر سپورٹس میلے کا آغازکیا۔

میلے میں   15 سے25 سال کے 3300 نوجوان،2700 لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ4 ارب روپے کے4 نئے منصوبوں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 6 ہزار اتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔

 پاکستانی کے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے اور کامیاب بنانے کے لئے منصوبے کے پہلے فیز میں 12 کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، اسکواش، والی بال، اسکی، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔

مہم میں ملک بھر میں 11 سے 25 سال کے نوجوانوں بشمول خواتین کے لئے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔کھیلوں کے یہ مقابلے ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 25 علاقہ جات میں منعقد کئے جائیں گے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو سیلکشن کے عمل سے گزارا جائے گا۔ 

کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والینوجوانوں کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔