پاکستان ویسٹ انڈیز مابین ٹی 20 سیریز کا آج سے آغاز

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز  آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے، پاکستان حال ہی میں یو اے ای میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سے شروع ہونے والی فتوحات کا سلسلہ بنگلہ دیش کے بعد اب اپنے ہوم گراؤنڈ پر بھی برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد ہے۔

نیوزی لینڈ کے اچانک یہاں سے چلے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز سے سیریز کی صورت میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیاں پھر سے شروع ہونے جارہی ہیں۔ مختصر ترین فارمیٹ میں گرین شرٹس کافی فارم میں ہیں، میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں اگر میتھیو ویڈ کے سکسرز والا سین نہ ہوتا تو شاید ایرون فنچ کے بجائے بابر اعظم ورلڈ کپ ہاتھ میں لیے تصاویر بنوا چکے ہوتے۔

کپتان بابر اعظم بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پرعزم ہیں، پہلے میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے ہماری ٹیم اچھا کھیل پیش کررہی ہے، اب ہم ہوم سیریز کھیلنے جارہے ہیں۔

3 ویسٹ انڈین کرکٹرز کے کورونا وائرس کے باعث سیریز سے باہر ہونے پر حریف ٹیم کے کمزور ہونے کے سوال پر بابر کا کہنا تھا کہ ہمیشہ یہ بات ہوتی ہے کہ وہ پلیئر نہیں آیا، وہ نہیں آئے، ہم کسی ٹیم کو آسان نہیں سمجھتے، باقی پلیئرز بھی کافی باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں، ہم ان کو آسان نہیں سمجھ سکتے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم اچھی کارکردگی کیلیے پراعتماد ہے، شیلڈن کوٹریل، روسٹن چیس اور کائیل میئرز مثبت ٹیسٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، کیرون پولارڈ، آندرے رسل، جیسن ہولڈر، شمرون ہٹمائر اور فابیان ایلن پہلے ہی مختلف وجوہات کے باعث ٹور پر نہیں آئے، اس لیے روماریو شیفرڈ، اوڈین اسمتھ اور ڈومنک ڈریکس کو میدان میں اترنے کا موقع مل سکتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں ہی فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کی پچ رنز سے بھری ہوئی محسوس ہورہی ہے، موسم خوشگوار رہے گا، اوس کا امکان بھی بہت کم ہے۔