ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان کپتانی پر اختلافات سامنے آگئے

نئی دہلی: بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان روہت شرما دورہ جنوبی افریقا پر ایک ساتھ نہیں کھیلیں گے۔ 

یہ اتفاق ہو یا کپتانی کا تنازعہ لیکن سچ یہ ہے کہ دونوں کھلاڑی جنوبی افریقا کے دورے پر تو جائیں گے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک ساتھ میدان میں نہیں کھیلیں گے۔

بھارت کو دورہ جنوبی افریقا کے دوران پہلے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے اور اس کے بعد 3  میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔

روہت شرما چوٹ کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جب کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات نے  ون ڈے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔

روہت کو حال ہی میں ویرات سے ون ڈے کی کپتانی چھین کر ٹیم انڈیا کا کپتان بنایا گیا ہے اس کے بعد سے یہ خبریں آرہی ہیں کہ ویرات کپتانی چھن جانے سے خوش نہیں ہیں۔

بھارتی ٹیم 16 دسمبر کو جنوبی افریقا کے دورے پر روانہ ہوگی،3  ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

ویرات کوہلی ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ 19 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے۔

 بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ون ڈے کیلئے سکواڈ کا اعلان ہونا باقی ہے۔