دوسرا ٹی 20، پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو 173رنز کا ہدف

3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 173رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر  172رنز بنائے، محمد رضوان 38 اور افتخار احمد 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم کا آغاز دوسرے میچ میں بھی اچھا نہ رہا اور کپتان بابر  اعظم7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 38 رنز پرگری جب فخر زمان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا  تو رضوان 38 رنز بناکرکیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ حیدر علی بھی 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 111 رنز پرگری جب محمد نواز صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے  جبکہ آصف علی بھی کوئی خاطر خواہ اسکور نہ بناسکے اور 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے علاوہ آخری اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز تک پہنچایا۔

محمد افتخار 19 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب 12 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈین اسمتھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عقیل حسین،اوشن تھومس ،روماریو اور والش نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔