کراچی:ویسٹ انڈیز کے 3 کرکٹرز کورونا میں مبتلا،سیریز سے باہر

ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے 5 ارکان کے کوویڈ  ٹیسٹ  مثبت آنےپرانہیں آئسولیٹ کردیا گیا، کورونا سے متاثرہ نئے 3 کرکٹرز میں شائے ہوپس، عقیل حسین، جسٹن گریوز شامل ہیں، تینوں کرکٹرز پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ وِک اور ٹیم فزیشن ڈاکٹر اکشائی مان سنگھ کا بھی کورونا مثبت نکل آنا تشویش کا باعث بن گیا، نئی صورتحال سامنے آنے پر پی سی بی حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کا کہنا ہے کہ متاثرہ تمام ارکان کے ٹسٹ پاکستان آنے پر ہوئے جو مثبت آئے، متاثرہ افراد میں کوئی علامات نہیں اور سب کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ دیگر ارکان کے دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

متاثرہ تمام افراد اس وقت روم آئسولیشن میں ہیں اور 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے جس کے بعد ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا اور اس کے منفی آنے کی صورت میں انہیں آئسولیشن ختم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 13 دسمبر سے شروع ہوگی۔ دوسرا میچ 14 اور تیسرا میچ 16 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔

اس کے بعد 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز 18 دسمبر سے ہوگا، دوسرا میچ 20 اور آخری ایک روزہ میچ 22 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔