پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی

کراچی:ویسٹ انڈین دستے میں متعدد کھلاڑیوں کے کورونا کا شکار ہونے کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے میچوں کی سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔

فیصلہ دونوں بورڈ ز نے مشاورت کے بعد متفقہ طور پر کیا،آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ون ڈے سیریز جون2022میں ری شیڈول کی جائیگی۔

ویسٹ انڈیز کے کورونا منفی کھلاڑی تیسرے ٹی20کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے جبکہ کورونا پازیٹو کھلاڑی کراچی میں ہی اپنی آئسولیشن مکمل کریں گے اور پی سی بی ان کی کرسمس سے قبل وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے انتظامات کرے گا۔

 پی سی آر ٹیسٹ کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں کھلاڑیوں سمیت مزید پانچ افراد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان میں وائرس کا شکار ہونے والے ویسٹ انڈین وفد کے کل اراکین کی تعداد 9 ہو گئی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز کے 3کھلاڑی اور ایک اسٹاف ممبر کورونا میں مبتلا ہوئے تھے جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل مہمان اسکواڈ میں شامل مزید 3کھلاڑی اور 2سپورٹنگ اسٹاف ممبرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

دونوں کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق سیریز کو ملتوی کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ سیریز آئندہ سال جون میں دوبارہ شیڈول کی جائے گی۔

اس حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کی صبح پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے کووڈ پروٹوکولز کے تحت ویسٹ انڈیز کے 15کھلاڑیوں اور عملے کے چھ اراکین کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کیے گئے اور تمام 21اراکین کے یہ ٹیسٹ منفی آئے جس کے بعد تیسرا ٹی20شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم دونوں ٹیموں کی فلاح کے ساتھ ساتھ دورے پر آئی ویسٹ انڈین ٹیم کے محدود وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے سیریز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کو دوبارہ جون 2022 میں شیڈول کیا جائے گا۔