بابر، رضوان اور آصف کی شاندار بلے بازی،پاکستان نے 208رنز کا ہدف حاصل کرلیا

کراچی: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں جاری میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے، برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پوراننے 64 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیا گیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابر اعظم نے 79 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اور آصف علی نے 21 رنز بنائے۔

ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ شاہنواز دھانی اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

دوسری جانب کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

سیریز 6 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کی گئی، پی سی بی اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ آج رات واپس وطن روانہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونی تھی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ تھی۔