جاوید میانداد نے پاکستان میں ڈراپ ان پچز کی مخالفت کردی

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈراپ ان پچز کی ضرورت نہیں کیونکہ ملک میں قدرتی وکٹیں ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے ملک میں ڈراپ ان پچز متعارف کروانے کے بیان پر اپنی رائے ظاہر کردی۔

جاوید میانداد نے کہا کہ میرے خیال میں ملک میں ڈراپ ان پچز کی ضرورت نہیں، ایسی پچ کیری پیکر نے متعارف کروائی تھیں کیونکہ انہیں مناسب گراؤنڈ نہیں دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے میدان اور وکٹیں ہیں تو ڈراپ ان پچز کی ضرورت کیوں ہوگی، پی سی بی کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے اور اپنی وکٹوں پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ انہی وکٹوں پر مجھ جیسے اور دیگر عظیم کھلاڑی برسوں تک کھیلتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اسپانسر کی مدد سے ملک میں 37 کروڑ مالیت کی دو ڈراپ ان پچز لانے کا اعلان کیا تھا، ایک پچ کراچی اور دوسری لاہور میں لگائی جائے گی۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہ پچز پاکستانی کھلاڑیوں کی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنے کی تیاریوں میں مدد کریں گی۔