دل کے عارضہ میں مبتلا کرکٹر عابد علی کی انجیو پلاسٹی

کراچی: پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈاکٹرز نے ایسی حالت میں ان کے کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دے دیا۔

 آج کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں عابد علی کو سینے اور بائیں ہاتھ میں درد کی شکایت ہوئی تھی، جس پر انھیں ٹبا ہارٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔

نجی ہسپتال میں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے، اور ایک بلاک وین کو کھول دیا گیا ہے۔

عابد علی کی بلاک وین میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے ، کل دوبارہ انجیوپلاسٹی کے بعد دوسرا اسٹنٹ ڈالا جائے گا۔

ڈاکٹرز کے مطابق عابد علی کسی اور بیماری کا شکار نہیں ہیں، انھیں ڈاکٹرز نے 2 ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اور دو ماہ بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، تاہم ڈاکٹروں نے عابد علی کے 2 وینز بلاکیج کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دے دیا ہے۔

ادھر پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینٹرل پنجاب کے اوپنر عابد علی قائداعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ میں خیبر پختون خواہ کے خلاف میچ میں آج 61 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے کہ انھوں نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی.

پی سی بی کے مطابق کرکٹر عابد علی کو فوری طور پر امراض قلب کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں اکیوٹ کورونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی، ماہر امراض قلب نے ان کے علاج کی نگرانی شروع کر دی ہے.

پی سی بی کا کہنا تھا کہ مکمل علاج کے لیے پی سی بی ماہر امراض قلب سے مکمل رابطے میں ہے، اور اس وقت عابد علی کی حالت بہتر ہے.