عابد علی کیلئے غیرملکی سپورٹس کارڈیالوجسٹ سے رابطے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کیریئر بچانے کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی نے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کیلئے غیر ملکی سپورٹس کارڈیولوجسٹ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصدقہ رپورٹ کے مطابق عابد علی کے کیرئیر کو بچانےکیلئے ان کی رپورٹس سپورٹس کارڈیولوجسٹ کو بھجوائی جائیں گی۔

عابد علی کو گذشتہ روز کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیلنے کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا، جس پر انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

جہاں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے، اور ایک بلاک وین کو کھول دیا تھا۔

بعد ازاں اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیک ہے، بدھ کو ایک اور پروسیجر ہونا ہے جس کیلئے انہیں دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت اب پہلے سے بہت بہتر ہے، وہ ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کیلئے دعائیں کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔