پاکستان میں ٹی 10لیگ کرانیکا منصوبہ

لاہور: ٹی10لیگ کا منصوبہ بھی پی سی بی کے زیر غور آگیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں چیئرمین رمیز راجہ نے کہاکہ میں قومی ٹیموں کی کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے جونیئر سطح پر انقلاب لانا چاہتا ہوں،ہم11سے 19سال کے 100 کرکٹرز کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھانے کے ساتھ ماہانہ وظائف بھی دیں گے.

معاشی مشکلات کا شکار فیملیز کے باصلاحیت کرکٹرز کو اس لیے دور رکھا جاتا ہے کہ مستقبل محفوظ نہیں ہوتا،اس پروگرام سے کئی بابر اعظم، محمد رضوان، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی سامنے آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم ہائی پرفارمنس سینٹر میں پروفیشنل کوچز لائیں گے،ابتدا میں ہی مسائل پر قابو پانے کے بعد کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گے،بورڈ انڈر19پی ایس ایل کروانے جا رہا ہے،اس لیگ میں ان کو صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل کے چیلنجز کی تیاری کا موقع ملے گا،میں تو چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ٹی 10لیگ بھی کروا دی جائے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ کلب سطح پر ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، بیرون ملک سے مٹی منگوائی جا رہی ہے، پاکستان میں بہتر مٹی کی تلاش کیلیے تحقیق بھی کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔

انھوں نے کہا کہ فینز قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں،ہم انھیں ہر ممکن سہولیات دیں گے،قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور پی سی بی کی پالیسیوں سے اسٹیک ہولڈرز کا بورڈ پر اعتماد بڑھا ہے، پی ایس ایل کی براڈ کاسٹنگ اور لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی بولی میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا، میری انتظامیہ کے 3بڑے ستون کرکٹ، کمرشل اور ایڈمنسٹریشن ہیں جنھیں بہترین دیکھنا چاہتا ہوں۔