محمد آصف بالر نہیں، جادوگر تھے، ہاشم آملہ

بہترین بولنگ ایکشن اور ہوا میں گیند کو سوئنگ کرنے کے ماہر محمد آصف کو ہاشم آملہ نے جادوگر قرار دے ‏دیا۔

جنوبی افریقا اور بھارت کے مابین ٹیسٹ میچ کے حوالے سے گفتگو میں ہاشم آملہ نے اپنے کیریئر کے مشکل ‏ترین بولر کا نام بتاتے ہوئے کہا کہ محمد آصف جیسا خطرناک گیندباز کے سامنے سب سے زیادہ مشکلات پیش ‏آئیں۔

ہاشم آملہ نے کہا کہ ایک تو محمد آصف کا ایکشن بہت زبردست تھا جسے دیکھنا اچھا لگتا تھا اور دوسرا وہ گیند ‏کے ساتھ جادوگری کرتے تھے۔ ‏

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر میں محمد آصف جیسا مشکل ترین بولر نہیں دیکھا جو مجھے ہر طرح سے ‏ناکامی سے دوچار کرتا تھا میں ان کی گیند سمجھ نہیں سکتا تھا جو میں اندازے لگاتا تھا تو وہ اس کے برعکس ‏کر کے مشکل میں ڈال دیتا تھا۔

مایہ ناز بلے باز کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب میں پوری طرح آؤٹ سوئنگ کے لیے تیار ہوتا تو آصف اِن سوئنگ کر ‏کے مجھے بولڈ کرتا۔

واضح رہے کہ 2010 میں بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ان کے کردار پر بین الاقوامی کرکٹ کی پابندی ‏عائد ہونے سے قبل آصف نے 23 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔