لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز برائے 2021 کے لیے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر، وکٹ کیپر بلے باز محمدرضوان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر جبکہ ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف تباہ کن بالنگ کرنیوالے شاہین آفریدی کو متاثر کن پرفارمر قرار دیدیئے گئے ہیں
تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمدرضوان کو ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیاہے۔ انہوں نے 2021 میں 1326رنز سکور کیے۔ رضوان ایک کلینڈرایئرمیں ہزاررنزبنانیوالے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔ بابراعظم نے2021 میں 6 اننگز کھیل کر405 رنز سکور کیے۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے ہمیشہ توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی گزشتہ سال انگلینڈ کیخلاف 150سے زائدرنزکی اننگزپسندیدہ تھی، کرکٹ میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر غلطیوں سے سیکھنا?چاہیے۔
پی سی بی نے ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کیلئے بابر اعظم، فخرزمان، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو نامزد کیا تھا جبکہ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کیٹگری کیلئے بھی چار امیدوار نامزد ہوئے ہیں، جن میں ارشد اقبال، اعظم خان، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز ڈاہانی شامل ہیں۔
متاثرکن پرفارمر2021 کا ایوارڈ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیا۔ شاہین آفریدی کو ایوارڈ بھارت کیخلاف ٹی20ورلڈکپ میں وکٹیں لینے پر دیا گیا۔ شاہین نے روہت شرما، کے ایل راہول اور ویرات کوہلی کو آؤٹ کیا تھا۔