پی ایس ایل 7 : ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کو 17 جنوری تک بک کرائی جانے والی ٹکٹوں پرخصوصی پیشکش کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق 17 جنوری تک ٹکٹ بک کروانے والے شائقین کو  فرسٹ کلاس اور جنرل اسٹینڈ کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت ملے گی جس کے تحت جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ 500 ، فرسٹ کلاس کا 1500، پریمیئم  انکلوژر 2 ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ 2500 روپے کا ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق  پی ایس ایل کے  فائنل میچ کے لیے جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ 1500 کا ہوگا، اسی طرح   فرسٹ کلاس 2500 ، پریمیئم 3000 اور وی آئی پی  انکلوژر کا  ٹکٹ 4ہزار روپے کا ہوگا جب کہ وسیم اکرم اور وقاریونس انکلوژرز  کے ٹکٹ 4 سے 7 ہزار روپے میں ملیں گے، اس کے علاوہ  6 ڈبل ہیڈرز کے دنوں میں جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ ایک ہزار کا ہوگا۔

راؤنڈ میچز کی قیمت ڈھائی سو سے تین ہزار تک رکھی گئی ہے، جبکہ فائنل راؤنڈ میں اس کی قیمت پانچ سو سے چار ہزار روپے تک ہوگی۔

پی سی بی نے فینز کے لیے فری ٹکٹس کی بھی آفرکی ہے، ذرائع کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چھ ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں، چار ٹکٹ خریدنےپر ایک ایک فری ٹکٹ ملے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہےکہ ٹکٹس خریدتے  وقت کووڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا ۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فی الحال سو فیصد تماشائیوں کو میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم کوویڈ کی صورتحال کو سامنے رکھتےہوئے اس تعداد کو نصف بھی کیا جاسکتاہے۔

واضح رہےکہ پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری سے ہوگا ، ایونٹ کے 15 میچز کراچی جبکہ 19 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔