پی ایس ایل 7: چوکوں اور چھکوں کی برسات والی پچز

لاہور: پی ایس ایل 7میں پاور ہٹنگ کیلیے سازگار پچز بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔ دنیا بھر کے کرکٹرز پی ایس ایل میں بولنگ کے اعلیٰ معیار کو سراہتے نظر آتے ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شائقین چوکوں اور چھکوں کی برسات دیکھا چاہتے ہیں،پاکستان میں پچز پر بیشتر مقابلوں میں بڑے اسکور دیکھنے میں نہیں آتے۔

پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کو دیکھا جائے تو کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں صرف ایک بار کسی ٹیم نے 200رنز کا سنگ میل عبور کیا،پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 7وکٹ پر 202رنز بنائے تھے۔

کورونا کیسز کی وجہ سے تعطل کا شکار ہونے کے بعد لیگ یوے ای میں دوبارہ شروع کرائی گئی تو ابوظبی میں 3بار ٹیموں نے 200سے زائد رنز بنائے،اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی سے میچ میں 2وکٹ پر 247رنز اسکورکیے،یہ ایونٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی تھا،جواب میں پشاور زلمی نے6وکٹ پر 232رنز بنائے،یوں کسی ایک میچ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 479رنز اسکور ہوئے،ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے مقابل 4وکٹ پر 206رنز اسکور کیے۔

ایونٹ میں 2سنچریاں بنائی گئیں، ان میں سے ایک کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے عثمان خواجہ نے پشاور زلمی کیخلاف بنائی،اس سے قبل کراچی میں کنگز کے شرجیل خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ میں تھری فیگر اننگز کھیلی تھی، پی ایس ایل 7کیلیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے،پہلا مرحلہ 27جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا، اس کے بعد لاہور میں میدان سجے گا،دونوں وینیوز پر سپورٹنگ پچز بنانے کا پلان دیا گیا ہے۔