پشاور زلمی حضرت اللہ زازائی سے بھی محروم ہوگئی

پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض، حیدرعلی اور کامران اکمل کے بعد ایک اور جارح مزاج بلے باز کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے اوپنر بیٹسمین حضرت اللہ زازائی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

پشاور زلمی ابتدائی میچز میں حضرت اللہ زازئی کی خدمات سے محروم رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، وہاب ریاض کی جگہ زلمی کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پشاور زلمی کے 2 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی، پی سی بی اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شاہد آفریدی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، آفریدی ابتدائی میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔