کپتان شاداب کے 91رنز رائیگاں، ملتان سلطانز کی مسلسل چوتھی فتح

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو  20 رنز سے ہرا کر پی ایس ایل 7میں مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی ہے 

218رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 9چھکوں اور 5چوکوں کے مدد سے 42بالوں میں 91رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی 19.4 اوورز میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ الیکس 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمان اللہ گرباز 15 رنز بناسکے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جارح مزاج بلے باز اعظم خان اور آصف علی بالترتیب 12 اور 15 رنز بناسکے۔

مبثر خان 9 رنز بنا کر انور علی کو وکٹ دے بیٹھے، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر تین، تین رنز بناسکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ولی نے تین، رومان رئیس اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے تھے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 218 رنز کا ہدف دیاتھا۔

ملتان سلطانز نے ٹم ڈیوڈ اور رلی روسو نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، ٹم ڈیوڈ 29 گیندوں پر 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، رلی روسو نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان محمد رضوان 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، شان مسعود نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، صہیب مقصود 13 رنز بنا کر چلتے بنے، خوشدل شاہ 8 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور مرچنٹ دی لانگے اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔