فخر زمان کی پھر ففٹی، لاہورقلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی ہرا دیا

پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 20ویں میچ میں ہوم ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو باآسانی دبوچ لیا۔

پہلے تباہ کن بولنگ کر کے گلیڈی ایٹرز کو 141 تک محدود کیا جس کے بعد بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی اور صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

فخرزمان اور کامران غلام نے نصف سنچریاں اسکور کیں، عبداللہ شفیق 19 اور حفیظ نے 9 رنز کی باری کھیلی۔ گلیڈی نے اٹرز کی جانب سے نور محمد اور مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 اس سے قبل ہوم ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیتا اور کوئٹہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بولرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا۔

شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں 2 اہم وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا جس سے باہر نکلنے کی کوشش میں بلے باز اونچی شاٹس کھیل کر وکٹیں گنواتے رہے۔

کوئٹہ مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 141 رنز تک ہی محدود رہی، افتخار احمد نے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی جب کہ عمراکمل 25، سرفراز احمد 12 رنز ہی بنا سکے۔

ڈیوڈ ویزے اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2وکٹیں اُڑائیں، شاہین آفریدی نےجیسن روئےاور جیمزونس کو صفرپر چلتا کیا، راشدخان نے 4 اوورز میں صرف13 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

۔