کرسٹیانو رونالڈو پر جنسی زیادتی کا الزام ، پولیس کو شواہد بھی مل گئے

نیواڈا: کیتھرین میورگا نامی خاتون نے معروف فٹبال پلیئر رونالڈو پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے لاس ویگاس کے ایک ہوٹل میں انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق لاس ویگاس پولیس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے جبکہ اس کا کہنا ہے کہ اب تک ہمارے پاس اتنے شواہد جمع ہوچکے ہیں کہ ہم رونالڈو کو گرفتار کرسکتے ہیں تاہم ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے پولیس کو رونالڈو کی گرفتاری سے روک دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے رونالڈو کیخلاف گرفتاری وارنٹ پر دستخط بھی کیے گئے تاہم نیواڈا کے کلارک کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی اسٹیو وولفسن نے مقدمے کی پیروی سے انکار کردیا ہے۔

مبینہ متاثرہ خاتون میورگا کے وکیل لیزلی مارک اسٹوال نے بتایا کہ جب گرفتاری وارنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں جمع کرایا گیا تو اسٹیو وولفسن نے رونالڈو کیخلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ اٹارنی نے اپنے اس فیصلے کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں اسٹیو وولفسن اعلیٰ ترین ڈسٹرکٹ اٹارنی مانے جاتے ہیں۔