بابر اعظم کرکٹ کا محمد علی قرار

سابق ویسٹ انڈین کپتان ویوین رچرڈز نے بابر اعظم کو کرکٹ کا محمد علی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان بیٹر سابق عظیم باکسر کی طرح کسی کو بہت جلد ناک آؤٹ نہیں کرتےمگر میچ کے اختتام تک اپنا کام دکھاچکے ہوتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈزنے کہا کہ مجھے بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے محمد علی کی یاد آتی ہے، نوجوان بیٹر بھی ایک کلاسی باکسر کی طرح ہیں جو فوری طور پر ناک آؤٹ نہیں کرنا چاہتے مگر جب میچ ختم ہو تو حریف زخموں سے چور ہوتا ہے اور وہ اپنا کام کرچکے ہوتے ہیں۔

ویوین رچرڈزنے کہا کہ بابر اعظم ایک کلاسک بیٹر ہیں،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نام کمانے کے خواہشمند کرکٹرز کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ ہر گیند پر چھکا لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی،گیپ میں کھیلنا اہم ہے،بابر اعظم یہ کام بخوبی کررہے ہیں۔