پشاور اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ ٹائی، سپر اوور میں زلمی کی فتح

لاہور:پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانیوالا میچ ٹائی ہوگیا، سپر اوور میں پشاور زلمی نے فتح اپنے نام کرلی 

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کو 159رنز کا ہدف دیا تھا، لاہور قلندر ز نے 20اوور ز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنا کر سکور برابر کردیا۔

آخری اوور میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ ٹائی کردیا۔ انہوں نے آخری اوور میں تین چھکے اور ایک چوکالگایا۔

سپر اوور میں قلندرز کی جانب سے ملنے والا 6 رنز کا ہدف پشاور زلمی کے شعیب ملک نے ابتدائی دو گیندوں پر چوکے لگا کر حاصل کر لیا۔

سپر اوور میں فخرزمان اور بروکس پر مشتمل جوڑی نے زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا سامنا کیا تو فاسٹ بولر نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے عمدہ بولنگ کی اور حریف کھلاڑیوں کو ایک بھی باؤنڈری نہیں لگانے دی۔

یچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ  کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا سکی اور حریف کو ایک سو اُن سَٹھ اسکور کا ٹارگٹ دیا۔

پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ رہا کیوں کہ محمد حارث صرف 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں حضرت اللہ زازئی اور کامران اکمل مل کر ٹیم کا سہارا بنے لیکن پھر زازئی، محمد حفیظ کی بال پر کیچ دے بیٹھے، کامران اکمل بھی فواد احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ حیدر علی نے 25 اور شعیب ملک نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسین طلعت اور خالد عثمان بالترتیب 17، 19 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور سات وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز پورے ہوگئے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد حفیظ اور ڈیویڈ ویئس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ فواد احمد نے دو شکار کیے۔