نیوزی لینڈ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کیساتھ ٹرائی سیریز کا شیڈول جاری کردیا

لاہور: ورلڈکپ سے قبل پاکستان کرکٹ کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ نیوزی لینڈکرکٹ بورڈ نے ٹرائی سیریز کی میزبانی کی تصدیق کردی ہے۔

نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کھیلیں گے، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نےتصدیق کردی ہے، ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز آٹھ اکتوبر سے چودہ اکتوبر تک کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں شیڈول ہیں۔

قومی ٹیم نو اکتوبر کو اپنے پہلے مقابلے میں بلیک کپس سے ٹکرائیں گی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل میزبان نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل سہ ملکی سیریز کا پلان بنایا گیا تھا، گرین شرٹس کی دیگر انٹرنیشنل مصروفیات کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے بات چیت جاری تھی۔

ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تصدیق کی کہ پاکستان ٹیم کی سیریز میں شرکت کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ1992سے قبل بھی گرین شرٹس ایک ماہ قبل ہی آسٹریلیا پہنچ گئے تھے جس سے مقامی ٹیموں سے میچز میں تیاری کا بھرپور موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے پیچھے پڑا ہوا تھا کہ ورلڈکپ سے قبل کم ازکم ٹیم کیلیے چھ یا سات میچز کھیلنے کے مواقع تلاش کریں،نیوزی لینڈ کی پچز میں بھی باؤنس اور پیس ہوتا ہے،گرین شرٹس کو ورلڈکپ سے قبل وہاں میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔