گال ٹیسٹ: قومی آل راونڈر آغا سلمان کا ڈیبیو

پاکستانی آل رائونڈر آغا سلمان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا، بیٹنگ کوچ اور سابق مایہ ناز بیٹر محمد یوسف نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی۔

قبل ازیں میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے کوشش ہوگی پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل لگائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پہلے روز چائے وقفے سے قبل 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے 76 اور لوئر آرڈر میں مہیش تھیکشنا 38 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 222 رنز تک پہنچایا۔

لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ انکے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشادا فرنینڈو 35، کوشل مینڈس 21، اینجلو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاسر شاہ فٹنس مسائل سے نجات کے بعد اگست 2021 کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ محمد کی تقریباً چھ سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔