گال ٹیسٹ: پاکستان کی عمدہ بولنگ،لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 222 پر آل آوٹ

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی،اور  کھیل کے پہلے روز چائے وقفے سے قبل ہی پوری ٹیم 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے 76 اور لوئر آرڈر میں مہیش تھیکشنا 38 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 222 رنز تک پہنچایا۔

لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ انکے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشادا فرنینڈو 35، کوشل مینڈس 21، اینجلو میتھیوز صفر، دھننجایا ڈی سلوا 14 اور نروشن ڈکویلا 4، رمیش مینڈس 11 اور پربت جے سوریا 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے کوشش ہوگی پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل لگائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔