گال: پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی۔ ٹیسٹ کے چوتھے دن کےکھیل کے اختتام پر سری لنکا کے 342 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 3 وکٹ پر 222 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان کوگال ٹیسٹ جیتنےکے لیے مزید 120 رنز درکار ہیں جب کہ میزبان سری لنکا کو سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے7 وکٹیں حاصل کرنا ہیں اور کل میچ کا آخری روز ہے۔
اوپنر عبداللہ شفیق ٹیسٹ کیریئرکی دوسری سنچری اسکورکرکے 112 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں جب کہ محمد رضوان 7 رنز پر ان کا ساتھ دینے کے لیے موجود ہیں۔
اس سے قبل کپتان بابراعظم 55، امام الحق 35 اور اظہرعلی 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا نے 2 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آج میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا تھا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔
سری لنکا کے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے دنیش چندی مل نے سب سے زیادہ 76 رنز اسکور کیے۔
قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار دکھائی دی لیکن قومی کپتان بابر اعظم نے تاریخی اننگز کھیلی، انہوں نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ بولر نسیم شاہ نے ان کا پورا ساتھ دیا۔
پاکستان کے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کے پربت جے سوریا نے 5، مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 اور کسن راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔