پاکستان سے ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت کا آئندہ موقع موقع کا اشتہار نہ بنانے کا فیصلہ

معروف بھارتی نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس نے ایشیاکپ 2022 کے میچ کیلئے اپنی اشتہاری سیریز ’’موقع موقع‘‘ نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی ادارے نے ’’موقع موقع‘‘ اشتہار سن 2015 کے آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران پہلی بار پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے  ریلیز کیا تھا جسے بہت پزیرائی ملی تھی.

اس اشتہار کا مقصد ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی ہار کا مذاق اڑانا تھا لیکن رواں سال براڈکاسٹروں نے مہم جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ پچھلے مقابلے میں بابر الیون نے ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دی تھی۔

بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے بھارتی ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دیکر آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کی مسلسل جیت کے جمود کو توڑ دیا تھا۔

ایشیاکپ میں دونوں روایتی حریف 28 اگست کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے، دونوں فریق 4 ستمبر کو سپر فور اور 11 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں بھی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی جس کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔