بریٹ لی کا ورلڈ کپ کیلئے منتخب بھارتی سکواڈ پر طنز

دنیائے کرکٹ کے تیز ترین بولرز میں شمار کئے جانے والے بریٹ لی نے بھارتی سکواڈ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بریٹ لی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی اسکواڈ سے نظرانداز کئے جانے والے فاسٹ بولر عمران ملک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ عمران ملک 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کراسکتا ہے لیکن اس میں تجربے کی کمی ہے، اس کی بولنگ رفتار دیگر کے مقابلے میں اچھی اور تیز ہے، اس کے علاوہ وہ دیگر بلےبازوں کے لیے مشکلات بھی کھڑی کرسکتا ہے۔

بریٹ لی کا کہنا تھا کہ مجھے بھارتی ٹیم کی سلیکشن پر حیرت ہے کہ انہوں نے عمران ملک کو ٹیم میں شامل نہیں کیا، انہوں نے مثال دی کہ آپ کے پاس بہترین کار ہے لیکن آپ وہ گیراج میں چھوڑ دیتے ہیں، لیکن پھر اس کا کیا فائدہ؟’

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے کچھ عرصہ قبل ورلڈ کلاس بولر جسپریت بمراہ کا انجرڈ ہونا بھارت کے لیے بڑا دھچکا تھا، عمران ملک کو ٹیم مینجمنٹ نے بہت کم موقع دیا، انہیں لگتا ہے کہ وہ ابھی تیار نہیں یہ ایک بڑی غلطی ہے۔