امریکا سے تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت تھی : وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پچھلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبیل مجھے مارکی طرح امریکا سے تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت تھی۔

شہباز شریف نے اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال میں عوامی فلاح کا ایک بھی منصوبہ نہیں بنایا گیا-

 ہمیں ملک کی بہتری کیلئے کام کرنا ہو گا ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ایک اینٹ لگانا تو دور کی بات سعودی عرب کے تعاون سے اسپتال کیلیے پروسیجر بھی پورا نہ کیا-

 میں نے سعودی ولی عہد سے معذرت کی کہ آپکا تحفہ استعمال نہیں ہوا، وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور 12 ارب ڈالر کی آئل ریفائنری کا منصوبہ ساتھ لائیں گے-

 اسی طرح چین اور یورپی ممالک بھی ہمارے دوست ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ امریکا سے بھی تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت تھی، ہم کشکول لے کے جاتے ہیں -

 خواہ مخواہ جاکر آبیل مجھے مار کرتے ہیں، یہ کہاں کی سیاست اور پاکستانیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔