سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب کی مظاہرین کو سڑکوں پر نہ آنے کی تنبیہ

تہران:ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اب سڑکوں پر نہ آئیں، مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکہ نے بنایا ہے۔

میڈا رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے، اب مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں۔

حسین سلامی کا کہنا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل نے ایران کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بدامنی کا منصوبہ بنایا ہے، ایرانی عوام کسی بھی بیرونی سازش کا حصہ نہ بنیں، سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ایران میں ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی 16 ستمبرکو پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کے دورے سے انتقال کرگئی تھیں۔

انسانی حقوق گروپ کے مطابق مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم ازکم ڈھائی سو افراد ہلاک جبکہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔