سویڈن کی تارکین وطن کو انوکھی پیشکش

اسٹاک ہوم: سویڈن نے تارکین وطن کو 34 ہزار ڈالر کیش کے عوض اپنے آبائی وطن واپس جانے کی پیشکش کی ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن نے تارکین وطن کو اپنے اپنے آبائی وطن واپس جانے کی ترغیب دینے کے لیے معاوضے میں بڑا اضافہ کردیا جس کا اطلاق 2026 سے ہوگا۔

اس وقت سویڈن میں آبائی ملک لوٹنے کے خواہش مند تارکین وطن کو 920 ڈالر بطور گرانٹ دی جاتی ہے تاہم اب یہ بڑھا کر 34 ہزار ڈالر کردی گئی ہے۔

 

تارکین وطن کی گرانٹ میں بے پناہ اضافے پر حکمراں جماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ گرانٹ 1984 سے دی جارہی ہے لیکن بہت معمولی رقم ہونے کے باعث کم تارکین وطن اسے حاصل کرتے تھے۔

سویڈین میں نوّے کی دہائی سے شام، افغانستان، صومالیہ، ایران اور عراق سے بہت بڑی تعداد میں تارکین وطن پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ سویڈن میں تارکین وطن آبادی کا تقریباً 25 فیصد ہیں یعنی ہر چوتھا شخص غیرملکی ہے۔