حکومت نے عوام کو مہنگائی میں کمی کی نوید سنادی

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو مہنگائی میں کمی کی نوید سنادی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں روپے کی قدر میں بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر مہنگائی میں کمی کی نوید سنائی گئی ہے۔

 ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما معیشت سنبھلنے لگی ہے اور آنے والے مہینوں میں معاشی کارکردگی میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے،۔

کیونکہ ضروری اشیا کی بروقت درآمد اور دیگر حکومتی اقدامات سے سپلائی لائن اور قیمتوں میں استحکام آیا اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث رواں ماہ مہنگائی 21 سے 22.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، اگست میں یہ شرح 27 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں برآمدات 5.5 فیصد اضافہ سے7.6 ارب ڈالر رہیں، اس دوران ٹیکس ریونیو میں 17فیصد اضافہ ہوا، جب کہ مالی خسارہ 45 فیصد بڑھ کر 672 ارب رہا، ترسیلات زر میں 6.3 فیصد کمی آئی اور وہ 7.7 ارب ڈالر رہیں۔

 وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ ڈالر ریٹ میں مصنوعی طریقے سے اضافہ کرنے والے کمرشل بینکوں کیخلاف کارروائی تو کی گئی لیکن اربوں روپے ڈکارنے والے بینکوں کو محض چند کروڑ کے جرمانے عائد کرکے جان چھڑالی گئی۔

 ڈالر ریٹ میں ہیر پھیرسے 50 ارب سے زائد ناجائز منافع کمانے والے 6 کمرشل بینکوں کو اسٹیٹ بینک نے محض 29 کروڑ روپے جرمانہ کیا، جن میں سے ایک بینک کو 14 کروڑ، دوسرے کو 8 کروڑ 17 لاکھ جب کہ دیگر 4 بینکوں کو 1 کروڑ سے ڈھائی کروڑ تک جرمانہ کیا گیا۔