ایف آئی اے نے عمران خان کو سائفر آڈیو لیکس اور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طلب کرلیا

لاہور / اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ اکاؤنٹ اور سائفر آڈیو لیکس کی تحقیقات  کے لیے علیحدہ علیحدہ طلب کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے لاہور اور راولپنڈی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو راولپنڈی آفس میں 3 نومبر جبکہ لاہور دفتر میں 7 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے راولپنڈی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سائفر آڈیو لیکس کی تفتیش کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، جس میں عمران خان کو  3 نومبر کو دن بارہ بجے ایف آئی اے ہیڈکواٹر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی 3 نومبر کے لیے دوسرا نوٹس ارسال کر دیا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے لاہور نے ممنوعہ اکاؤنٹ کیس کی تفتیش کے لیے عمران خان کو 7 نومبر کیلیے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے لاہور اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جبکہ اکاؤنٹ کی تفصیلات کے اوپنگ فارم میں عمران خان کا اتھارٹی لیٹر لگا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے عمران خان کو وضاحت دینے کے لیے طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو بھی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔