عمران خان پاکستان کی خاطر سیاسی جماعتوں کیساتھ آکر بیٹھیں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو افراتفری اور انارکی کی نہیں اتفاق کی ضرورت ہے،فیصل واوڈا نے عمران نیازی کے کہنے پر پریس کانفرنس کی۔

قتل و غارت اور جنازے ہی جنازے کی بات حکومت کو خوفزدہ کرنے کیلئے تھی۔ عمران اپنی بدتمیزی، بدتہذیبی پر معذرت کریں،پاکستان کی خاطر سیاسی جماعتوں کیساتھ آکر بیٹھیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو اب بھی چاہیے مذموم فسادی ایجنڈے کوچھوڑیں اور سیاسی جماعتوں میں بیٹھیں کیونکہ پاکستان کو اس وقت نفاق کی نہیں اتفاق کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ وہ لوگ ہیں جو اس فتنہ کی وجہ سے گمراہ ہو چکے ہیں، یہ لانگ مارچ 7سے 8ہزار لوگوں سے شروع ہوا اور آج مارچ میں ٹوٹل پانچ سے 7سو لوگ تھے، مگر بے شرم انسان روز کہتا ہے کہ میرے ساتھ عوام کا سمندر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے چوکیدار کی تنخواہ بند کرنے کی بات کرتے ہو 10منٹ بعد چوکیداروں کے پاؤں پڑے ہوتے ہو، احساس پروگرام میں جب انکوائری ہو گی تو تم سب لوگ پکڑے جا ؤگے۔

 انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا اور لوگوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کے لوگ مسلح جتھے لے کر اسلام آباد پر حملہ آور ہورہے ہیں، علی امین گنڈا پور اسلحہ لے کر لانگ مارچ کے ذریعے آرہے ہیں، فساد کرنے اور انتشار پھیلانے والوں کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ دعویٰ سے کہتا ہوں کہ فیصل واوڈا کو بغیر نوٹس پارٹی سے نکالنے کا ڈرامہ کیا گیا۔ انہوں نے عمران خان کے کہنے پر پریس کانفرنس کی، ان کی پریس کانفرنس میں قتل و غارت اور جنازے ہی جنازے کی بات حکومت کو خوفزدہ کرنے کے لیے تھی تاکہ ہم ان کے مطالبات مان لیں۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا سوال جواب میں پریس کانفرنس کور نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ فساد مارچ سے عوام نے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔