یواے ای اورامریکا کے درمیان سبزتوانائی فروغ کیلئے 100ارب ڈالرزکامعاہدہ

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات اور امریکا نے صاف توانائی کے منصوبوں میں 100ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور 2035 تک عالمی سطح پر 100 گیگا واٹ صاف توانائی پیدا کرنے کے لیے شراکت داری ایک معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکاکے توانائی کے سفیر آموس ہوچسٹین نے ایک بیان میں کہا کہ ہم باہم مل کر توانائی کی نئی ٹیکنالوجیز، اپنے اپنے ممالک، دنیا بھر اور ابھرتی ہوئی معیشتوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شراکت داری نجی اور سرکاری شعبے کی فنڈنگ اور صاف توانائی کی جدت طرازی، کاربن اور میتھین کے انتظام، چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز سمیت جدید ری ایکٹروں اور صنعتی اور ٹرانسپورٹ ڈی کاربنائزیشن کے لیے معاونت کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

اس اقدام کے تحت اوپیک کا رکن متحدہ عرب امارات اور امریکا دیگرممالک میں تجارتی اور ماحولیاتی طور پر پائیدار توانائی کے منصوبوں کے لیے تکنیکی، پرویکٹ مینجمنٹ اور مالی معاونت فراہم کریں گے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے صنعت،جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے خصوصی ایلچی سلطان الجابر نے ایک بیان میں کہا کہ "توانائی کی منتقلی کو توانائی کی سلامتی اور جامع معاشی نمو کے ساتھ ایک حقیقت پسندانہ، عملی اور معاشی طور پر قابل عمل منصوبے کی ضرورت ہے۔

اس اقدام میں ذمہ داراور لچک دارسپلائی چینز میں سرمایہ کاری،سبز کان کنی میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ توانائی کی منتقلی کے لیے اہم معدنیات اورمواد کی پیداوار پر بھی توجہ دی جائے گی۔