ڈالر کی قدر میں کمی

کراچی: ڈالر کے انٹربینک ریٹ 26پیسے کی کمی سے 221.66روپے ہوگئے تاہم اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 227.75روپے کی سطح پر  مستحکم رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمت بڑھنے اور درآمدی ادائیگیوں کے دباؤ سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ بڑھکر 222.10روپے کی سطح پر بھی ریکارڈ کئے گئے،تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ گھٹتے ہی ڈالر نے یوٹرن لیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چین اور سعودی عرب کی جانب سے مذکورہ پیکیج کے لیے صرف حامی بھرنے کی اطلاعات زیرگردش ہیں اگر ان دونوں ممالک سے باضابطہ طور پر اعلان کردیا جائے تو ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کے امکانات ہیں۔

چین اور پاکستان کے درمیان 6ارب ڈالر کے مساوی باہمی تجارت چائنیز کرنسی میں کرنے اور وزیرخزانہ کی سعودی عرب و چین کی جانب سے 13ارب ڈالر کا پیکیج ملنے کے دعوے سے پیر کو انٹربینک میں اتارچڑھاؤ کے باوجود ڈالر کی نسبت روپیہ کو استحکام ملا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔

امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک کے سینٹرل بینکس شرح سود بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہیں جسکی وجہ سے ڈالر سمیت دیگر تمام بین الاقوامی کرنسیوں کی قدروں میں بھی اضافے کا رحجان پیدا ہواتاہم پاکستان میں حکومت کی سخت مانیٹرنگ اور مطلوبہ اقدامات کی بدولت ڈالر بتدریج تنزلی سے دوچار ہے۔