معروف اداکار ، صداکار و ہدایتکار ضیاء محی الدین انتقال کر گئے

  کراچی: پاکستان شوبز کے لیجنڈری اداکار و ہدایتکار ضیاء محی الدین انتقال کر گئے۔ ممتاز اداکار، ٹی وی میزبان اور معروف ہدایتکار ضیاء محی الدین طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ 91 سالہ لیجنڈری فنکار گزشتہ چند دنوں سے کراچی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ لیجنڈری اداکار نے کیریئر کے آغاز میں تھیٹر اور اسٹیج پر پرفارم کیا، انہوں نے 1953 سے 1956 کے دوران رائیل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ لندن سے تربیت حاصل کی۔

1960 میں ای ایم کے ناول ’پیسیج ٹو انڈیا‘ کے اسٹیج ڈرامے میں ضیاء محی الدین نے ڈاکٹر عزیز کا کردار ادا کیا تھا جبکہ اس کے بعد مشہور فلم ’لارنس آف عریبیہ‘ میں بھی کام کیا۔ وہ اسٹیج سے جڑے رہے اور لاتعداد ڈراموں کے علاوہ ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔

1970 میں جب وہ پاکستان آئے تو پاکستان ٹیلی ویژن پر ’ضیاء محی الدین شو‘ کے نام سے اسٹیج پروگرام شروع کیا جو بےحد مقبول ہوا۔

ضیاء محی الدین کو 2003 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔2012 میں صدرِ پاکستان نے انہیں ہلالِ امتیاز سے نوازا جبکہ 2017 میں دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ضیاء محی الدین کے والد کو پاکستان کی پہلی فلم تیری یاد کے مصنف اورمکالمہ نگار ہونے کا اعزاز حاصل تھا جبکہ ضیاء محی الدین نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے قیام سے ادارے کی صدارت سنبھال رکھی تھی۔

خیال رہے کہ ضیاء محی الدین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈیفنس فیز 4 امام بارگاہ یثرب میں ادا کی گئی .نمازجنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی جبکہ محی الدین کی تدفین ڈیفنس فیز 4 کے قبرستان میں کی گئی۔