معروف گلوکار سجاد علی نے گزشتہ دنوں ان کی بہن کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کردی اور خبر کو جھوٹ اور ’بہن‘ کو فیک قرار دے دیا۔
اس حوالے سے اب سجاد علی نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے باقاعدہ بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل کسی نے میری ایک فیک شادی کروا دی تھی جس کی وجہ سے میرے بیوی بچے ناراض ہوگئے تھے کہ ہمیں شادی میں کیوں نہیں بلایا؟
انہوں نے کہا کہ اب فیک بہن اور جھوٹی کہانی بنائی گئی ہے جس کے کیپشن میں لکھا کہ ارب پتی گلوکار سجاد علی کی بہن بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اسٹوری کی تھمبنیل میں اہلیہ کی بچپن کی تصویر لگا کر میری بہن ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔
سجاد علی کا کہنا تھاکہ اس طرح کی ویڈیوز شہرت، پیسے اور دوسروں کی عزت خراب کرنے کیلئے بنائی جاتی ہیں، نہ وہ عورت میری بہن ہے، نہ کزن اور نہ ہی دور کی رشتے دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہوں لیکن وہ غریب عورت ہے جو لوگوں کے کہنے پر کچھ بھی کہنا شروع ہو جاتی ہے، اگر کوئی مدد چاہیے تھی تو مجھے براہ راست کہہ دیتے تو میں کچھ نہ کچھ مدد کر ہی لیتا، اتنا ڈرامہ کرنے کی ضرورت نہیں تھی، مجھے لگتا ہے کہ اس سب کے پیچھے کوئی لوگ ہیں جو اس خاتون کو اکسا رہے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ اس طرح کی مضحکہ خیز خبروں پر کچھ لوگ یقین کرلیتے ہیں اور پھر تبصرے بھی کرلیتے ہیں، حیرت اور افسوس اس بات پر ہے لوگ اس طرح کی چیزوں کو بغیر کسی تصدیق کے شیئر کردیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 43 سال سے پاکستان کی خدمت کر رہا ہوں، میری عزت اس طرح کی جھوٹی خبروں سے داغ دار نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک ’غریب خاتون‘ کو گلوکار سجاد علی کی بہن قرار دیا گیا تھا جس کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے بغیر کسی تحقیق کے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔