کرینہ کپور کے ساتھ کام کی پیش کش ہوئی تھی، دانش تیمور نجی ٹی وی

مقبول اداکار دانش تیمور نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ کی بے بو کہلانے والی اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی اور ان کا کردار تک فائنل ہوگیا تھا۔

دانش تیمور کو زیادہ تر ڈرامے کے کرداروں کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور وہ اپنے کرداروں کی وجہ سے پڑوسی ملک بھارت میں بھی شہرت رکھتے ہیں۔

حال ہی میں وہ نجی ٹی وی کے ایک شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شوبز کے مختلف معاملات سمیت دیگر معاملات پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ 5 سال قبل انہیں بھارت سے کام کی پیش کش ہوئی تھی اور بولی وڈ فلم میں ان کا کردار تک فائنل کردیا گیا تھا۔

دانش تیمور نے بتایا کہ انہیں کرینہ کپور اور سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلم میں ان سمیت سینیئر اداکار جاوید شیخ کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا لیکن شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے کرینہ کپور حاملہ ہوگئیں اور فلم کی شوٹنگ التوا کا شکار ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی ٹیم نے ان سے معذرت کرتے ہوئے انہیں کرینہ کپور کے ہاں بچے کی پیدائش تک انتظار کرنے کا کہا لیکن تب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بھی ہوگئی اور وہ فلم کا حصہ نہ بن سکے۔

دانش تیمور کے مطابق پاک - بھارت کشیدگی کے بعد فلم کی ٹیم نے ان سے معذرت کرلی۔

انہوں نے بتایا کہ کرینہ اور سونم کپور کے ساتھ کام کی پیش کش پر ان کی اہلیہ عائزہ خان کافی خوش ہوئی تھیں مگر افسوس کہ قسمت میں ان کا بولی وڈ میں کام کرنا نہیں لکھا ہوا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے کبھی مذکورہ معاملے پر کہیں بات نہیں کی۔

اگرچہ دانش تیمور نے انکشاف کیا کہ انہیں ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں فلم میں کس کردار کی پیش کش ہوئی تھی۔

تاہم 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں مرد کے کردار اہم نہیں تھے، مذکورہ فلم چار خواتین کے اہم کرداروں پر بنائی گئی تھی۔

فلم میں کرینہ کپور، سوارا بھاسکر اور شیکا تلسانی اور سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور یہ دہلی سے تعلق رکھنے والی 4 سہیلیوں کے گرد گھومتی جنھیں شادی کی تیاریوں کے دوران نشیب و فراز کا سامنا ہوتا ہے۔

فلم میں چاروں سہیلیوں کو کرینہ کپور کی شادی کی تقریبات میں مختلف موضوعات پر روایات سے ہٹ کر گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی اور موضوع کی وجہ سے بھارت میں کافی پذیرائی ملی تھی، تاہم پاکستان میں اس کی نمائش پر جزوی پابندی عائد کی گئی تھی اور بعد ازاں دونوں ممالک میں کشیدگی کی وجہ سے پاکستان میں بھی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔