دھرمیندر نے فلم تاج کیلئے نئے حلیے میں تصویر شیئر کردی

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور اداکار دھرمندر دیول اپنی نئی فلم میں صوفی شیخ سلیم چشتی کا کردار ادا کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھرمندر نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی فلم ’تاج‘ میں اپنے کردار کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی ہے کہ وہ اپنی آنے والی فلم میں صوفی حضرت شیخ سلیم چشتی کا کردار ادا کریں گے۔

کونٹیلو ڈیجیٹل کے بینر تلے والی زی سیریز کی اس پیشکش میں مغلیہ سلطنت کے ایوانوں اور مغل دور کے مختلف واقعات کو کہانی کے طور پر پیش کیا جائے گا جس میں صوفی شیخ سلیم چشتی کے کردار کو بھی نمایاں رکھا گیا ہے۔

شیخ سلیم چشتیؒ ہندوستان میں سلسلہ چشتیہ کے عظیم و جلیل القدر صوفی بزرگ تھے۔ سلطنت مغلیہ کے اولین شاہانِ مغلیہ میں اکبر، جہانگیر کو اُن سے بےحد عقیدت تھی۔

فلم میں بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ بادشاہ اکبر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جو ایک قابل جانشین کی تلاش میں ہے۔

اس فلم میں مغلیہ سلطنت کے عروج اور زوال کو کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا جائے گا، جس میں اس عظیم خاندان کی خوبصورتی، سفاکیت، فنون لطیفہ، شاعری اور فن تعمیر کے لیے ان کے جنون کو ظاہر کیا گیا ہے، لیکن ساتھ ہی ساتھ خاندان کے حوالے سے ان کے غیر معمولی فیصلے، اقتدار کی تلاش اور سیاست کو بھی فلمایا جائے گا۔

اس بڑے بجٹ کی سیریز کو جلد بھارتی اسٹریمنگ سائٹ زی 5 پر ریلیز کیا جائے گا جس کا شائقین کو بےصبری سے انتظار ہے۔