کراچی: بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے نسیم شاہ کو سالگرہ پر مبارک باد دی جس پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
نسیم شاہ نے پانچ روز قبل شاداب خان کو شادی کی مبارک باد دینے کے لیے انسٹاگرام پوسٹ کی اور نوبیاہتا جوڑے کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس پوسٹ پر بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے نسیم شاہ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے ڈی ایس پی کا اعزازی عہدہ ملنے پر بھی مبارک باد پیش کی۔ اس پر نسیم شاہ نے بھارتی اداکارہ کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ اپنی 20ویں سالگرہ منارہے ہیں، جس پر انہیں ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے بھی مبارک باد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر میں بھارتی اداکارہ اور نسیم شاہ کے درمیان تعلقات کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں اور مداحوں کا ماننا تھا کہ اروشی ایشیا کپ کا میچ دیکھنے نسیم شاہ کی وجہ سے ہی گئیں تھیں۔