نمبر لیک :یاسر حسین نے فیروز خان کو ایک بار پھر بیوقوف کہہ دیا

اداکار یاسر حسین نے فیروز خان کی جانب سے نمبر لیک کرنے کے معاملے پر  اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار  پھر انہیں بیوقوف کہہ دیا۔

حال ہی میں یاسر حسین اداکارہ  نریمان خان کے  ہمراہ  نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جس دوران  میزبان نے ان سے فیروز خان کی جانب سے نمبر لیک کرنے اور نوٹس بھیجنے کے معاملے سے متعلق سوال کیا۔

اس کے جواب میں یاسر نے بتایا کہ ’ میرا  تو اس معاملے  میں کوئی لینا دینا نہیں تھا، مجھے تو خوامخواہ کیسز میں گھسیٹا جارہا ہے اور میرے ساتھ 10 لوگوں کا نمبر لیک ہوا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ میں بھی ان لوگوں میں شامل تھا جن کا نمبر لیک ہوا ہے، میرے پاس جو مہنگا فون  ہے اس میں یہ سسٹم ہے کہ کوئی unknown نمبر سے مجھے کال نہیں کرسکتا،  اگرچہ میں جانتا ہوں کہ  اس سسٹم کا   نقصان بھی ہے لیکن وہ عجیب بیوقوف انسان جس نے ہمارے نمبر لیک کردیے، اس نے  خواتین وحضرات سب کے ساتھ نمبر لیک کردیے ایسا کون کرتا ہے‘۔

اداکار فیروز  کے نمبر لیک کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے یاسر حسین کا کہنا تھا کہ’ اس وقت  فیروز بہت جلدی میں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے نمبر لیک کیے لیکن اب وہ اس جلدی کو ایف آئی اے کی صورت بھگتیں گے، بات دراصل یہ تھی کہ  میری بیوی نے فیروز کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا تو بدلے میں  فیروز  نے مجھے نوٹس بھیج کر میرا نمبر لیک کردیا‘۔

 کچھ روز قبل  فیروز خان نے اپنی سابقہ اہلیہ علیزا سلطان سمیت متعدد اداکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا جس کی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کردیں، ان تصاویر پر اداکاروں کے گھر کا پتا اور موبائل نمبرز درج تھے۔

فیروز خان نے کچھ ہی منٹ بعد پوسٹ ڈیلیٹ کردی لیکن وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد سے فیروز خان کو  قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔