کراچی: قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دے کر عالمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
کراچی میں ہونے والے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے باآسانی شکست دی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں فتح حاصل کرنے والے بعد عالمی ٹیبل پوائنٹس پر پاکستانی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر آگئی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا اور بھارت ہیں۔
آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 113.483 کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 113.286 کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 112.683 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ون ڈے کی عالمی ریکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تاریخی کامیابی پر ٹیم اور قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں، مجھے ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے، امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔