مشہور ریسلر رومنز رینز کےبھانجے نے اسلام قبول کرلیا

مشہور ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر رومن رینز کے بھتیجے اور آنجہانی ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر اوماگا کے بیٹے زیلا فاتو نے اسلام قبول کر لیا۔ اس نے یوٹیوب کی ایک ویڈیو میں اپنی تبدیلی کا اعلان کیا۔ زیلا نے اپنے اسلام کے سفر کو "خوبصورت" قرار دیا۔ وہ جیل میں مسلمان قیدیوں سے متاثر ہوا اور وہاں گزارے گئے وقت کے بارے میں اپنی بصیرت کا اظہار کیا۔

زیلا اپنی فٹنس سے متعلق ویڈیوز کے لیے جانا جاتا ہے، اس نے اپنے یوٹیوب چینل پر "سنڈے فنڈے" بلاگ کے دوران قبول اسلام کا اعلان کیا۔

15 سال کی عمر میں، اس نے ڈکیتی کے الزامات کا سامنا کیا، جس کے نتیجے میں ٹیکساس اسٹیٹ پینٹینٹری میں 6 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بالآخر اسے مارچ 2022 میں رہا کر دیا گیا۔

زیلا نے بتایا کہ، جب وہ جیل میں تھا تب اسکی اسلام میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ وہاں جیل میں قید مسلمانوں کی موجودگی نے اسے سہارا دیا۔ اس نے ان کے نظم و ضبط، طرز زندگی، ان کی واضح تقریر، اور ان کے عقیدے پر عمل کرنے کے لیے ان کی لگن کا مشاہدہ کیا۔ اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ کسی بھی جیل کا ماحول پرفیکٹ نہیں ہوتا، زیلا نے اسلام کی ساختی نوعیت کو اجاگر کیا کہ وہاں خاص طور پر ہفتہ وار جمعہ کی اجتماعی نماز پڑھی جاتی تھی۔

زیلا نے اپنی قید کے دوران جن بااثر افراد کا سامنا کیا، ان میں اس نے 'کیسی' اور 'لیوک مین' کا ذکر کیا۔ زیلا ان کے برتاؤ، ان کے خود کو سنبھالنے کے انداز، اور ان کے الفاظ کی طاقت سے متاثر ہوا۔ ان سے متاثر ہو کر وہ اسلام کے اصولوں اور تعلیمات کے بارے میں مزید جاننے کے لیے بے چین ہوا۔

زیلا کا تجسس برسوں کے ساتھ بڑھتا گیا، اور اس نے اسلام کے بارے میں جاننے والے ساتھی قیدیوں سے اپنے سوالات کے جوابات مانگے۔ کیسی، لیوک مین اور دیگر کے ساتھ رات گئے گفتگو نے اس کی مسلمان بننے کی خواہش کو ہوا دی۔

27 سالہ نوجوان نے بتایا کہ، جیل میں رہتے ہوئے وہ اسلام کے بارے میں متجسس تھا اور مذہب پر کافی مطالعہ اور تحقیق کے بعد، ایک سال قبل 3 اپریل 2022 کو اسلام قبول کیا۔

مذہب کو قبول کرنے کے بعد اس کے پاس اپنی زندگی اور اسلام کے بارے میں کہنے کے لیے صرف مثبت باتیں ہیں۔ زیلا نے اپنے پلیٹ فارم کو لوگوں کو اسلام سے آگاہ کرنے اور انہیں روحانیت کا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔