پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں میری ٹاپ فور ٹیمیں پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا ہیں، مجھے لگتا ہے کہ قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کے پاس بہترین ٹیم ہے۔ کوئی ایسی وجہ نہیں ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم اپنی بولنگ، بیٹنگ اور اسپن ڈیپارٹمنٹ اچھا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘ورلڈکپ میں موجود تمام ٹیموں کے کپتانوں میں تقریباً ایک جیسی صلاحیتیں ہیں لیکن میں قومی کپتان بابراعظم کو بیک کروں گا۔’
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کمنٹیٹر رمیز راجا کی کمنٹری باکس میں واپسی سے متعلق شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘رمیز راجہ کو کم بیک کرنے پر خوش آمدید کہتا ہوں، ان کے مداح انہیں کمنٹری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔’