پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگراں حکومتیں جو تین ماہ کی مدت کے لیے قائم کی گئی تھیں لیکن وہ طول پکڑ گئی ہیں جنھیں 6 ماہ بعد معروف قانون دان حامد خان غیر قانونی قرار دیتے ہیں مگر ملک کے آئین میں یہ درج نہیں کہ اگر انتخابات وقت پر نہ ہوں تو نگراں حکومتیں قانونی ہوں گی یا غیر قانونی اور نگراں حکومتیں اگر تین ماہ سے زیادہ کی ہو جائیں تو اسمبلیوں کی غیر موجودگی میں اگر نگراں وزیر اعلیٰ فوت ہوجائیں یا کسی وجہ سے مستعفی ہو جائیں تو ان کی جگہ نگراں کا تقرر کون کرے گا کیونکہ آئین یہ اختیار وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈرکو دیتا ہے جب کہ پنجاب و کے پی اسمبلیوں کے اسپیکر موجود ہیں مگر منتخب وزرائے اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر موجود نہیں ہیں۔
اُنیس سو تہتر کا آئین بناتے وقت یہ نہیں سوچا گیا تھا کہ ملک پر ایسا وقت بھی آئے گا جب ایک برطرف وزیر اعظم قبل از وقت پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں وزراء اعلیٰ سے تڑوا دے گا جب کہ دونوں وزیر اعلیٰ اور ارکان اسمبلی راضی نہ ہوں مگر ان کی پارٹی کا چیئرمین کسی جواز کے بغیر انھیں اسمبلیاں توڑنے کا حکم دے گا۔
14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا عدالتی حکم بھی آیا مگر الیکشن کمیشن نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا ۔ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد بھی نئے صدر مملکت کا الیکشن نہیں ہوا کیوں کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیاں موجود نہیں، مگر آئین کے مطابق موجودہ صدر نئے صدر کے انتخاب تک کام کرتا رہے گا۔ آئین بنانے والوں کو توقع نہیں تھی کہ 50 سال بعد ایسی ہی صورت حال پیدا ہوگی اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مدت پوری ہو جانے کے باعث وہ قبل از وقت نیا صدر منتخب کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گی۔
ملک میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ نوے روز میں بھی الیکشن نہیں ہو رہے کیونکہ نئی مردم شماری کی تاخیر سے منظوری کے باعث نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں ،یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ منظوری جان بوجھ کر سیاسی حکومت نے دی تاکہ نیا مسئلہ پیدا ہو۔
نوے روز میں الیکشن ممکن نہ ہوں کیونکہ ایسا ہونے کی صورت میں حکمران پارٹیوں کو شکست کا سامنا ہوگا۔ اس سلسلے میں دونوں فریق آئین کی مرضی کی تشریح کر رہے ہیں اور واضح نہیں کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار عبوری صدر کو ہے یا الیکشن کمیشن کو۔ متفقہ آئین میں متعدد معاملات واضح نہیں کیونکہ آئین میں ابہام ہے جس کی تشریح سپریم کورٹ نے کرنی ہے جس کے دوران نگراں حکومتیں ہی تین ماہ سے زیادہ عرصہ قائم رہیں گی۔