معروف جریدے کی ورلڈکپ میں زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں شاہین بھی شامل

دنیائے کرکٹ کے معروف جریدے نے چند روز بعد بھارت میں شرع ہونے والے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے جا رہا ہے جو 19 نومبر تک بھرپور رعنائیوں کے ساتھ جاری رہے گا۔

موجود و سابق کرکٹرز اور نامور صحافیوں کی جانب سے ورلڈکپ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں اور کرکٹرز کے حوالے سے پیشگوئیاں کی جا رہی ہیں، ایسے میں معروف جریدے وزڈن نے بھی ورلڈکپ میں متوقع طور پر زیادہ وکٹیں لینے والے 6 بولرز کی فہرست جاری کی ہے۔

معروف جریدے نے ممکنہ بولرز کی فہرست میں بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو کو سر فہرست رکھا ہے جنہوں نے گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور وہ رواں سال اب تک کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ کلدیپ رواں برس اب تک 17 ایک روزہ میچز میں 33 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وزڈن نے بھارت کے جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو بھی زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے متوقع بولرز کی فہرست میں شامل کیا ہے، دونوں نے ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

معروف جریدے نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی اپنے بہترین بولرز کی فہرست میں شامل کیا ہے، شاہین شاہ آفریدی ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بھی شاہین آفریدی کو ورلڈ کپ کے ٹاپ بولرز میں شامل کیا ہے۔

وزڈن کے بہترین ورلڈکپ بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بھی شامل ہیں جنہوں نے وارم اپ میچ میں نیدر لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بھی 6 ممکنہ بولرز کی فہرست میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر آسٹریلیا کے گلین میک گرا ہیں جنہوں نے مجموعی طور پر 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسرا نمبر سری لنکن اسپن لیجنڈ متھیا مرلی دھرن کا ہے جو 40 ورلڈکپ میچوں میں 19.63 کی اوسط سے 68 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔